پاکستان کے سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے دوبارہ صدر منتخب

ملتان: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو آئندہ دو سال کی مدت کے لیے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل  کا دوبارہ صدر منتخب کر لیا گیا۔ بھارت کے راجانیش ہنری  کو سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ یہ فیصلہ  ملتان کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے 26ویں جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا، جس میں آسٹریلیا، ساؤتھ افریقہ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان کے کرکٹ بورڈز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے عہدیداران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

دیگر منتخب عہدیداران میں نیپال کے پوان گھیمر کو فرسٹ وائس پریزیڈنٹ، ساؤتھ افریقہ کے آیزک بڈلہ کو سیکنڈ وائس پریزیڈنٹ، آسٹریلیا کے ریمنڈ موکسلے کو گلوبل ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر، پاکستان کے طاہر محمود بٹ کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور بھارت کے چندراشیکھر کو ڈائریکٹر فنانس منتخب کیا گیا۔ ساؤتھ افریقہ کے مائیکل ڈی سلوا کو اسسٹنٹ سیکریٹری، سری لنکا کے سدیش تھرنگا کو ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، اور بنگلہ دیش کے معین اقبال اور ساؤتھ افریقہ کے انڈومیسو نی کو ایشیا اور افریقہ کے ریجنل ڈویلپمنٹ ڈائریکٹرز کے طور پر منتخب کیا گیا۔

سید سلطان شاہ نے صدر منتخب ہونے کے بعد بلائنڈ کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کے کرکٹ بورڈز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلائنڈ کرکٹ میں نئی اصلاحات متعارف کرانے اور امریکہ، کینیا سمیت دیگر ممالک میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بی ون پلیئرز کے لیے نئے ڈارک گلاسز متعارف کرائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی جیت،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اکھاڑ پچھاڑ ،فائنل کی دوڑ میں کتنی ٹیمیں باقی؟

سید سلطان شاہ نے پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کی بھی بات کی۔ تاہم، ویزا مسائل کی وجہ سے دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز نہیں کھیل پاتیں۔ اس لیے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ورلڈ کپ اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس پاکستان اور بھارت کے بجائے نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان میچز کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں ڈبلیو بی سی سی کے سابق سیکریٹری جنرل ریمنڈ موکسلے کی بلائنڈ کرکٹ کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا گیا۔ مزید یہ کہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں کوئی بھی کھلاڑی اسپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے سائیٹ کلاسیفیکیشن کا سرٹیفکیٹ حاصل کیے بغیر حصہ نہیں لے سکے گا۔

Leave a Comment