ٹیم میں سب کھلاڑی کپتان،اب “میں” نہیں ” ہم ” کا لفظ ہے ،محمد رضوان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم میں تمام کھلاڑی کپتان کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کے نزدیک “میں” نہیں بلکہ “ہم” کی اہمیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ورک اور اتحاد ہی جیت کی کنجی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے، لیکن ان ناکامیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے ٹیم اب ون ڈے فارمیٹ پر مکمل فوکس رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے۔

محمد رضوان نے کہا، “ہم نے ٹی ٹوئنٹی میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے کر تجربات کیے، لیکن ون ڈے سیریز میں ہم اپنی حکمت عملی مضبوط رکھیں گے۔ ہمارا ون ڈے میں ردھم اچھا ہے، اور ہم اسے برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں سینئر اور جونیئر سب متحد ہیں، اور سب کا مقصد ٹیم کی جیت ہے۔ رضوان نے کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کمبی نیشن بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ہر مقام کی کنڈیشن مختلف ہوتی ہے، اور ٹیم ان کے مطابق اپنی حکمت عملی ترتیب دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز ،ٹرافی کی نقاب کشائی

جنوبی افریقا میں کھیلنے کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے رضوان نے کہا، “ملک سے باہر کھیلنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے، لیکن ہماری ٹیم نے آسٹریلیا میں کامیابی حاصل کی اور زمبابوے میں بھی سیریز جیتی۔ جنوبی افریقا اچھی فارم میں ہے، لیکن ون ڈے سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔”

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ون ڈے کل پارل کے بولینڈ پارک میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث جنوبی افریقا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 سے جیت لی تھی۔

Its game time – play now!

Leave a Comment