آئی سی سی نے پلڑا پاکستان کی طرف جھکا دیا،بنا شیڈول کے چیمئنز ٹرافی اسلام آباد پہنچ گئی ۔کرکٹ کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان تو نہیں کیا، مگر اس ایونٹ کی ٹرافی کا ٹور دبئی سے اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ اس ٹرافی ٹور کا آغاز ہفتہ 16 نومبر سے ہوگا اور یہ 24 نومبر تک جاری رہے گا۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق، ٹرافی کا یہ دورہ اسلام آباد سے شروع ہو کر مختلف پاکستانی شہروں تک جائے گا۔ اس دوران اسکردو کے مشہور “کے ٹو بیس کیمپ” بھی ٹرافی کی منزل ہوگی۔ مری، ہنزہ، اور مظفرآباد سمیت کئی دیگر شہر بھی اس ٹور میں شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے جب چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کیے بغیر ہی ٹرافی کا ٹور شروع کیا جا رہا ہے۔ عام طور پر آئی سی سی ایونٹس کے شیڈول کم از کم 3 سے 4 ماہ قبل ہی جاری کردیتی ہے، جیسا کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اور ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان بھی ان ایونٹس کے آغاز سے کئی مہینے پہلے کیا گیا تھا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2024 پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، اور اس کی تفصیلات کا اعلان 11 نومبر کو لاہور میں ہونا تھا، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹرافی کے شیڈول پر اعتراضات کی وجہ سے یہ تقریب منسوخ کر دی گئی۔
بھارت نے پاکستان میں ہونے والی اس چیمپئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث شیڈول کا اعلان بھی التوا کا شکار ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا ہے اور اس معاملے پر اپنے موقف پر سختی سے قائم ہے۔
مجموعی طور پر، چیمپئنز ٹرافی 2024 کے بارے میں مزید تفصیلات کا انحصار بھارت کے فیصلے اور آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سات اوورز کے میچ میں پاکستانی بالرز میکسویل کے سامنے بے بس ،پہلا ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا کے نام
دوسری طرف براڈ کاسٹنگ رائٹس خریدنے والی کمپنی نے آئی سی سی سے چیمئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے،دبئی سے موصولہ خبر کے مطابق آئی سی سی نے براڈ کاسٹر کمپنی کو 2027ء تک 3 ارب ڈالر میں رائٹس فروخت کر رکھے ہیں
علاوہ ازیں آئی سی سی نے اس بات کی بھی یقین دہانی بھی دے رکھی ہے کہ اس سرکل میں پاکستان اور بھارت کے میچز لازمی ہوں گے ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ براڈ کاسٹرز کو شیڈول کے اعلان میں تاخیری کے سبب بڑا نقصان ہو رہا ہے ۔اس لیئے کمپنی نے فوری شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جبکہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے، جس کی وجہ سے آئی سی سی کو بحرانی صورتحال سامنا ہے ۔واضح رہے کہ پی سی بی نے بھارت کے پاکستان نہ آنے پر مائنس بھارت ایونٹ پر بھی غور شروع کردیا ہے۔