پی سی بی کی کامیابی،چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027ء تک پاک بھارت میچ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے

چیمپئنز ٹرافی سمیت 2027ء تک آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل میں ہوں گے ،بھارت اور پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گےٹورنامنٹ کا شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اس حوالے سے میٹنگ جمعرات (5 دسمبر) کو ہونی تھی، لیکن اسے ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب یہ میٹنگ 7 دسمبر کو ہوگی۔

لیکن اس دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اب ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس صورتحال میں بھارتی ٹیم اب اپنے میچز کسی دوسرے ملک میں کھیلے گی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے لیے معاملات طے پا گئے ہیں۔ اس ایونٹ میں بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا جبکہ پاکستان دیگر میچز کی میزبانی کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، 2027 تک پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے۔ اس دوران بھارت اگلے سال اکتوبر میں ویمنز ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا اور 2026 کا مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کرے گا۔ حتیٰ کہ اگر ہائبرڈ ماڈل نافذ نہ بھی ہو، تو بھی پاکستان کو 2026 میں بھارت جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق، اگر بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچتی ہے تو یہ میچ دبئی میں ہوگا۔ تاہم، اگر بھارتی ٹیم فائنل تک نہ پہنچ پائی تو یہ اہم میچ لاہور میں کھیلا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کا دبئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ،گروپ فوٹو،محسن نقوی شامل نہیں

آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں پاکستان نے بائیکاٹ کی دھمکی واپس لیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل قبول کر لیا تھا۔ اس ماڈل کے تحت، دونوں ممالک اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔ پاکستان نے اس انتظام کو 2031 تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا، تاہم آئی سی سی نے فی الحال 2027 تک ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی ہے۔

پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کے بدلے کچھ شرائط رکھی تھیں، جن میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کسی نیوٹرل وینیو پر ٹرائی سیریز کی تجویز بھی شامل تھی۔ تاہم، بی سی سی آئی اور آئی سی سی نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔

5 دسمبر کو ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر مختصر گفتگو ہوئی۔ شیڈول میں مسلسل تاخیر کے باعث آئی سی سی نے پی سی بی کو وارننگ دی کہ ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ پی سی بی نے اس دباؤ کو قبول کرتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کر دی۔

اب 7 دسمبر کو ایک باضابطہ اجلاس میں ایونٹ کے شیڈول اور دیگر تفصیلات کا اعلان متوقع ہے۔ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔

Leave a Comment