عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج اعلان کیا ہے کہ سابق بین الاقوامی فاسٹ بولر عاقب جاوید کو پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تک خدمات انجام دیں گے۔

اس عرصے کے دوران، عاقب جاوید مردوں کی قومی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے، اور آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد ان کو اضافی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

دوسری جانب، پی سی بی مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کی بھرتی کا عمل شروع کرے گا، جسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جو 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سڈنی میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

وائٹ بال کوچنگ کا عہدہ گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد خالی ہو گیا تھا۔ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے حالیہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران ٹیم کی کوچنگ کی تھی، اور اب وہ جنوبی افریقہ میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم کے ساتھ دوبارہ شامل ہوں گے۔

پاکستان کی مردوں کی ٹیم 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جبکہ 10 سے 22 دسمبر تک جنوبی افریقہ میں اتنے ہی وائٹ بال میچز شیڈول ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل پاکستان 8 سے 14 فروری تک نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی میزبانی میں ایک ون ڈے سہ فریقی سیریز بھی کھیلے گا۔

Leave a Comment