سڈنی میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔ پاکستان کے لیے آغاز کچھ اچھا نہ رہا، تاہم حارث رؤف نے 52 کے مجموعی اسکور پر جیک فریسر اور آسٹریلوی کپتان جوس انگلس کو پویلین بھیج دیا۔ عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا، اور ایرون ہارڈی بھی 28 رنز کے ساتھ عباس کا شکار بنے۔

مجموعی طور پر، آسٹریلیا نے اپنے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ صفیان مقیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مان گیا ،آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی ٹور کا نیا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان کی ٹیم 148 رنز کے تعاقب میں 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان خان نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جب کہ عرفان خان 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ کپتان محمد رضوان 16 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ صاحبزادہ فرحان 5 اور عباس آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ بابر اعظم 3 اور حارث رؤف 2 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، جن میں سلمان آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور صفیان مقیم شامل ہیں۔

سڈنی میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست، آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے جیت لی
اسپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

آسٹریلیا کے اسپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زمپا نے 2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ لی۔ اسپینسر جانسن کو بہترین بولنگ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور حسیب اللہ کی جگہ سفیان مقیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان ندا ڈار اور عالیہ ریاض سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم

پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان علی آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ، حارث رؤف، نسیم شاہ اور صفیان مقیم شامل تھے۔

یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ اب سیریز میں آسٹریلیا کو 2-0 کی سبقت حاصل ہے، اور دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

Leave a Comment