پاکستان مان گیا ،ٹرافی کشمیر نہیں جائے گی،آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی ٹور پروگرام کا نیاشیڈول جاری کر دیا،ٹرافی کا سفر آج اسلام آباد سے شروع ہوگا۔آئی سی سی کی تازہ ترین معلومات کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان میں ہوگی، حالانکہ بھارت کے میچز کہاں ہوں گے، یہ معاملہ ابھی بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے عالمی ٹرافی ٹور کا آغاز آج اسلام آباد، پاکستان سے ہو رہا ہے۔ یہ ٹور، جو ڈی پی ورلڈ کے تعاون سے منعقد ہو رہا ہے، یہ سفر ہفتے کے روز اسلام آباد سے ہوتا ہوا آٹھ شریک ممالک میں جائے گا اس دوران کرکٹ شائقین کو مختلف اور دلچسپ تجربات فراہم ہوں گے۔
ٹور کے پہلے دن اسلام آباد میں ٹرافی کو دامنِ کوہ، فیصل مسجد، اور پاکستان منیومنٹ جیسے مشہور مقامات پر دکھایا جائے گا، جہاں پاکستان کرکٹ کے عظیم کھلاڑی شعیب اختر بھی ٹرافی کے ہمراہ موجود ہوں گے۔
یہ عالمی سطح پر جاری ٹرافی ٹور ایک منفرد موقع فراہم کرے گا، جس میں کرکٹ کی نئی بصری شناخت اور رنگین سرگرمیوں کے ذریعے مداحوں کو کرکٹ کے عالمی ایونٹ کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔
اسلام آباد کے بعد یہ ٹور پاکستان کے مختلف شہروں جیسے کراچی، ایبٹ آباد اور ٹیکسلا کا بھی دورہ کرے گا، اور پھر عالمی دورے کے لیے دیگر ممالک روانہ ہو گا، جہاں وہ ان ممالک کی ثقافتوں کو اجاگر کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان ندا ڈار اور عالیہ ریاض سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم
اس ٹور کے دوران ایک خصوصی ڈاکومینٹری سیریز “چیمپئن آن ٹور” بھی پیش کی جائے گی، جو ٹرافی کی عالمی سفر کی دستاویز ہوگی اور اس میں کھانے، موسیقی اور کرکٹ کے منفرد پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ، یہ ٹور پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک نیا تنازع اختیار کرچکا تھا ۔ پی سی بی، جو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے، نے ابتدائی طور پر ٹرافی کو ہنزہ، اسکردو، اور مظفرآباد(کشمیر) جیسے علاقوں میں لے جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور منتخب آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کے احتجاج کے بعد اس منصوبے کو ترک کر دیا گیا۔ آئی سی سی کے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق، ٹرافی اب ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری، نتھیا گلی، اور کراچی کے دورے پر جائے گی۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ یہ عالمی ٹور 70 دنوں تک جاری رہے گا، جس دوران یہ ٹرافی آٹھ ممالک کا سفر کرے گی اور مداحوں کو خاص تجربات فراہم کرے گی۔ پاکستان میں مختلف مشہور مقامات کے دورے کے بعد یہ ٹرافی دنیا کے دوسرے شہروں کا رخ کرے گی۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر، انوراگ دہیا، نے کہا،
“ہم آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی کے ٹرافی ٹور کا آغاز کرنے پر پرجوش ہیں، جو دنیا بھر کے شائقین کو یادگار تجربات پیش کرے گا۔ یہ ٹور موجودہ اور آنے والی نسلوں کو کرکٹ کی عظمت کے قریب لے آئے گا۔”
ٹرافی 15 جنوری کو بھارت پہنچے گی اور 26 جنوری تک مختلف شہروں کا دورہ کرے گی، جس کے بعد مقابلے کی میزبانی کے لیے پاکستان واپس جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سابق کپتان ندا ڈار اور عالیہ ریاض سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم
آئی سی سی کی تازہ ترین معلومات کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان میں ہوگی، حالانکہ بھارت کے میچز کہاں ہوں گے، یہ معاملہ ابھی بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔ بھارت نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان جانے سے انکار کیا ہے، اور پی سی بی نے بھارتی میچز کے لیے کوئی ہائبرڈ ماڈل ابھی تک منظور نہیں کیا۔
ٹرافی ٹور کا شیڈول
16 نومبر: اسلام آباد، پاکستان
17 نومبر: ٹیکسلا اور خانپور، پاکستان
18 نومبر: ایبٹ آباد، پاکستان
19 نومبر: مری، پاکستان
20 نومبر: نتھیا گلی، پاکستان
22-25 نومبر: کراچی، پاکستان
26-28 نومبر: افغانستان
10-13 دسمبر: بنگلہ دیش
15-22 دسمبر: جنوبی افریقہ
25 دسمبر-5 جنوری: آسٹریلیا
6-11 جنوری: نیوزی لینڈ
12-14 جنوری: انگلینڈ
15-26 جنوری: بھارت
27 جنوری: مقابلے کا آغاز – پاکستان