بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کا شرکت سے انکار، تین بڑی ٹیمیں بھی پاکستان نہیں جا رہیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بھارت نے پاکستان میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے کیونکہ حکومت نے ان کی ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی۔جبکہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے علاوہ تین اور ٹیمیں بھی پاکستان نہیں جا رہی ہیں،

انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شلیندر یادو نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت کی جانب سے سفری اجازت نہ ملنے کے بعد بھارتی ٹیم 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔.

انڈیا ٹوڈے کے مطابق، بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل سے “نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ” (این او سی) مل گیا تھا، لیکن وہ حکومت سے اجازت کا انتظار کر رہی تھی۔

شیلیندر یادو نے کہا کہ انہیں وزارت خارجہ نے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی اور ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کو کہا۔ یادیو نے مزید کہا کہ انہیں ابھی تک رسمی طور پر مسترد کرنے کا خط موصول نہیں ہوا ہے لیکن وزارت خارجہ کے ساتھ فون پر بات چیت کی بنیاد پر بھارت نے پاکستان جانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے۔

یادو نے بتایاکہ ،ہم گزشتہ 25 دنوں سے حکومت سے اجازت کی توقع کر رہے تھے، لیکن اب ٹورنامنٹ شروع ہونے والا ہے، اور ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ وزارت خارجہ کے ساتھ بات چیت میں ہمیں بتایا گیا کہ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اور ہمیں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کی بدولت ہم نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

یادو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارت کے ساتھ ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے رہی ہیں،انھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی محنت ضائع ہونے پر افسوس ہے۔

 انہوں نے کہا۔

“ہمارے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی نہیں آ رہے۔ اس لیے بھارت چوتھی ٹیم بن جائے گا جو اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے گا۔ تاہم یہ کرکٹ کے لیے افسوسناک ہے کیونکہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو سب کے لیے ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ دنیا بھر کے شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوتا ہے اور دونوں ٹیمیں بہت اچھی ہیں۔ اب پاکستان کو فری واک اوور ملے گا اور یہ کھلاڑیوں کے لیے بھی غم کی بات ہے جنہوں نے طویل عرصے تک محنت کی۔ ٹیم کو 20 نومبر کو روانہ ہونا تھا اور مجھے نہیں لگتا کہ اتنے کم وقت میں کوئی معجزہ ہو سکے گا۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے جو لاہور، پاکستان میں ہونا ہے،”

بھارتی حکومت کا یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب بھارت کے کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) کو بتایا تھا کہ بھارتی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے لیے نہیں جائے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (PBCC) نے کہا تھا کہ بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ بھارتی ٹیم کے بغیر بھی ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2012، 2017 اور 2022 میں اس ٹورنامنٹ کے تین ایڈیشنز جیتے ہیں۔ 2022 میں بھارت نے بنگلہ دیش کو فائنل میں 120 رنز سے شکست دے کر اپنی تیسری مسلسل فتح حاصل کی تھی۔

Leave a Comment