لاہور: چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے مینٹورز نے عارضی اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔جنوبی افریقہ کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان ہونے کے بعد ان اسکواڈز کو حمتی شکل دی جائے گی۔یہ ٹورنامنٹ راولپنڈی میں 7 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے پاکستان کے وائٹ بال اور ریڈ بال اسکواڈز کا اعلان زیر التوا ہونے کی وجہ سے مینٹورز نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور دیگر وائٹ بال کرکٹرز کو فی الحال اپنے اسکواڈز میں شامل نہیں کیا ہے جو اسوقت زمبابوے کے دورے پر ہیں۔ جب قومی سلیکشن کمیٹی دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دیتی ہے اور کھلاڑیوں کی دستیابی واضح ہو جاتی ہے تو مینٹورز حتمی لسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو جمع کرانے سے پہلے اپنے عارضی اسکواڈز کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور اس پر نظر ثانی کریں گے۔
عارضی اسکواڈز ( پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑی اور زمبابوے کے دورے میں شامل کھلاڑی اس میں شامل نہیں ہیں۔ مینٹورز عارضی فہرست سے باہر کے کھلاڑی بھی چن سکتے ہیں ):
اے بی ایل اسٹالیئنز (مینٹور شعیب ملک): عبدالفصیح، احمد صفی عبداللہ، اعظم خان، حسین طلعت ،محمد عامر خان، محمد حارث، محمد محسن، معاذ صداقت، مہران ممتاز، ناصرنواز، شعیب ملک، طاہر حسین، عبید شاہ، یاسر خان اور زمان خان۔
اینگرو ڈولفنز ( مینٹور سرفراز احمد): آصف علی، فہیم اشرف، احسان اللہ، خبیب خلیل، کاشف علی، مرزا طاہر بیگ، محمد اخلاق، محمد غازی غوری، سلمان آفریدی، سلمان ارشاد، شایان شیخ اور عمر امین۔
یہ بھی پڑھیں: گیانا گلوبل سپر لیگ کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم کا اعلان ،کون کون غیرملکی کھلاڑی شامل ؟
لیک سٹی پینتھرز ( مینٹور ثقلین مشتاق): عبدالواحد بنگلزئی، علی رضا، عماد بٹ، دانش عزیز، حیدر علی، حسن علی، عرفان اللہ شاہ، محمد عمر، محمد ذیشان، مبصر خان، ریحان آفریدی، رضوان محمود، سعد بیگ، شرجیل خان، عمر صدیق اور اسامہ میر۔
نورپور لائنز (مینٹور وقار یونس): عامر یامین، عارف یعقوب، حسن نواز، حنین شاہ، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد باسط، محمد فائق، محمد جنید، محمد سراج، محمد طحہٰ، موسیٰ خان، روحیل نذیر، سجاد علی ہاشمی اور شہاب خان۔
یو ایم ٹی مارخورز (مینٹور مصباح الحق): عبدالصمد، عاکف جاوید، علی شفیق، علی شان، علی عثمان، بلاول بھٹی، بسم اللہ خان، فخر زمان، افتخار احمد، خواجہ محمد نافع، محمد فیضان، محمد عمران جونیئر، محمد نواز، محمد رمیز جونیئر، محمد سرور آفریدی، محمد عمران رندھاوا، محمد شہزاد، نیاز خان، نثار احمد، سعد مسعود اور زاہد محمود
ٹورنامنٹ راولپنڈی میں 7 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا
ستمبر میں فیصل آباد میں ہونے والے 50 اوورز کے ٹورنامنٹ کی شاندار کامیابی کے بعد، چیمپئنز کپ سیریز کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے کو ہے۔ اس ایونٹ نے کرکٹ شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی تھی، جہاں لیک سٹی پینتھرز نے فائنل میں یو ایم ٹی مارخورز کو شکست دی اور اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 14 میچز شائقین سے بھرے رہے۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 19 دنوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 22 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 6 ڈبل ہیڈرز اور 8 سنگل ہیڈرز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سمیر احمد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر
ڈبل ہیڈر میچز صبح 11 بجے اور سہ پہر 3:30 بجے شروع ہوں گے، جبکہ سنگل ہیڈر میچز دوپہر 12 بجے شیڈول کیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کو خاص طور پر دلچسپ بنایا گیا ہے۔ ڈبل لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم سیدھا فائنل تک رسائی حاصل کرے گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 23 دسمبر کو کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل 25 دسمبر کو سہ پہر 3:30 بجے کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے شیڈول کی تیاری میں ٹیم کے مینٹورز کی مشاورت شامل رہی ہے، تاکہ شائقین کے وقت اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھا جا سکے۔ اس منصوبے کا ایک اور مقصد یہ ہے کہ شائقین 10 سے 22 دسمبر کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیریز پر بھی توجہ مرکوز رکھ سکیں۔
ہر ٹیم کو 8 میچز کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، جس سے وہ اپنی حکمت عملی اور کمبی نیشن کو بہتر کرنے کے لیے مناسب وقت حاصل کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم بنے گا اور سلیکٹرز کو مستقبل کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
شاندار کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز نہ صرف قومی ٹیم کے لیے منتخب ہو سکتے ہیں بلکہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائزز کی بھی توجہ حاصل کر سکیں گے۔ پی سی بی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ تمام ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لینے کا موقع ملے، تاکہ ملک بھر کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکیں۔